ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / الال میں دن دہاڑے ایک نوجوان پر قاتلانہ حملہ

الال میں دن دہاڑے ایک نوجوان پر قاتلانہ حملہ

Thu, 14 Jul 2016 10:57:08  SO Admin   S.O. News Service

منگلورو13؍جولائی (ایس او نیوز)گوشت کی دوکان پر کام کر رہے کمال الدین(۲۵ سال) نامی ایک نوجوان پرالال میں دن دہاڑے قاتلانہ حملہ کیا گیا۔کہاجاتا ہے کہ ایک مہینے قبل رمضان کے دنوں میں عرفان، میٹھا نثار، جعفر اور مختار پر مشتمل ایک گینگ نے کمال الدین کی دوکان میں گھس کر اس کے ساتھ مار پٹائی کی تھی اور۱۲ہزار روپے لوٹ لیے تھے۔جس کے خلاف کمال الدین نے پولیس میں شکایت درج کی تھی۔ اس کے بعد پولیس نے مختار کو گرفتار کرلیاتھاجو ابھی تک جیل میں بند ہے۔
اس بات سے ناراض گینگ کے باقی اراکین کمال الدین کوباربار دھمکیاں دے رہے تھے کہ اگر اس نے شکایت واپس نہیں لی تو اسے جان سے مار ڈالا جائے گا۔ خبر کے مطابق عرفان کا باپ جالڈی صادق جس نے مبینہ طور پر گانجہ فروشی کے لئے نوجوانوں کی گینگ بنا رکھی ہے اس نے بھی کمال الدین کو فون کرکے دھمکی دی تھی کہ وہ الال کا ڈان ہے ۔اس لئے کوئی اس کا کچھ بھی بگاڑ نہیں سکتا۔ اگر پولیس کمپلینٹ واپس نہیں لیا گیا تو اسے دو دن کے اندر ختم کردیا جائے گا۔
چونکہ کمال الدین نے شکایت واپس نہیں لی تھی اس لئے عرفان، نثار اور جعفرنے بیف کی دوکان میں گھس کرکمال الدین پر چاقو، سوڈے کی بوتل اور لوہے کی سلاخوں سے جان لیوا حملہ کیا۔ کمال الدین کسی طرح جان بچاکر دوکان سے باہر بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگیا تواسے شدید زخمی حالت میں تھوکٹو کے ایک نجی اسپتال میں داخل کیا گیا۔
کہاجاتاہے حملہ آور گینگ کے تینوں نوجوان اور صادق اس اسپتال بھی پہنچ گئے جہاں کمال الدین کو داخل کیا گیا تھا۔ انہیں دیکھتے ہی وہاں پر موجود برہم عوام نے ان کو دھر دبوچنے کی کوشش کی تو وہ لوگ وہاں سے بھاگ کھڑے ہوئے۔ لیکن عوام نے تقریباً ایک کلو میٹر تک ان کاپیچھا کیا اور بالآخر صادق کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کرنے میں کامیاب ہوگئے۔صادق کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کی بنائی ہوئی نوجوانوں کی ٹیم الال کے پاس موجود اسکول اور کالجوں کے پاس پہنچ کر طالب علموں کو گانجہ فروخت کرتی ہے اور نوجوانوں کو نشے کا عادی بنا رہی ہے۔اور ان کی وجہ سے الال کے علاقے میں امن درہم برہم ہوگیا ہے۔الال پولیس نے کیس درج کرلیا ہے۔


Share: